بھٹکل:27؍ فروری (ایس اؤ نیوز ) بھٹکل تعلقہ کے ہاڈولی میں ہوئے بھیانک قتل معاملے کو لے کر ویسٹرن رینج آئی جی پی ڈاکٹر چندر گپتا نے بھٹکل کے دیہی پولس تھانے میں اخبارنویسوں سے بات کرتےہوئےکہاکہ ایسے واقعات کہیں بھی نہیں ہونے چاہئے کیونکہ ایسے معاملات میں سب سے زیادہ درد اور غم ان چھوٹے چھوٹے بچوں کو ہوتاہے۔ یہ لوگ اپنی جائیداد، دولت یا کسی اور معاملے کو لےکر اپنے خاندان کے درمیان نفرت، دشمنی ، جھگڑا، قتل کرتےہیں اس کا نتیجہ کیا ہوتاہے یہی چھوٹے بچے یتیم ہوجاتےہیں۔ ایسا کوئی بھی واقعہ ہوتاہے تو اس کا نقصان سماج کو ہوتاہے۔ گرچہ یہ ایک انفرادی معاملہ ہے اور جان پہچان کے لوگ وغیرہ معاملے کو سلجھانےکی کوشش بھی کئے ہونگے۔ اس کے باوجود یہ قتل کا واقعہ ہوگیا ہے جو کہ نہیں ہونا تھا۔اس سلسلے میں جو بھی شامل ہیں وہ سب ملزم گرفتار ہوچکےہیں۔ ہم جتنی جلدی ہوسکے تفتیش اور جانچ کرنے کے بعد چارج شیٹ داخل کریں گے۔
اسی معاملے کو لے کر دسمبر 2022میں پولس تھانے میں شکایت درج کی گئی تھی ۔ دونوں فریقین کو اسٹیشن بلا بھیج کر ہدایت دی گئی تھی کہ یہ معاملہ جائیداد کی تقسیم کے متعلق ہے، عدالت میں اس کوحل کرلیں۔ دونوں فریقین رضامندی ظاہر کرتےہوئے چلے گئے تھے۔ اس کے بعد یہ بہیمانہ واقعہ پیش آیا ہے جو نہیں ہونا تھا۔
قتل کا معاملہ کیسے پیش آیا کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ منصوبہ بند تھا نہیں تھا کچھ کہہ نہیں سکتے۔ فی الحال ہم سب جانچ کررہےہیں، اس دن صبح سے کیاکیا ہوا۔ اس سے پہلے کیاکیا ہواتھا۔ ان سب کی تفتیش کرنی ہے۔ مکمل جانچ کرنے کے بعد ہی ہم تفصیلی رپورٹ سونپیں گے۔
بظاہر یہی لگتاہے کہ یہ قتل جائیداد کو لےکر ہوا ہے۔ پچھلے چار پانچ مہینوں سے جائیداد کی تقسیم کو لےکر تنازعہ جاری تھا۔ یہی معاملہ بڑھتے ہوئے قتل پر ختم ہواہے۔ابتدائی سطح پر یہی محسوس ہوتاہے۔ اس کے علاوہ بھی کچھ وجوہات ہیں یا نہیں ، تفصیلی جانچ کے بعد ہی پتہ چلے گا۔ کیسا بھی معاملہ ہو جرم نہ ہو، کیونکہ جرم سے سماج کو نقصان ہوتاہے۔ ان معصوم بچوں کودیکھئے کہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا، کوئی غلطی نہیں کی، لیکن نتیجہ انہی کو بھگتنا پڑتاہے تو کتنا درد ہوتاہے۔